• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلد دوبارہ سے کرکٹ گرائونڈ میں ہوں گا،سرفراز نواز

لندن (سعید نیازی) پاکستان کے سابق فاسٹ بالر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ ان کی واکر کے ساتھ چلنے کی ویڈیو دیکھ کر انہیں دنیا بھر سے پیغامات موصول ہو رہے ہیں لیکن اس کی وجہ یہ ہے کہ کوویڈ کے عرصہ کے دوران گھر کے کمرے میں رہنے کے سبب ان کی ٹانگیں کمزور ہو گئی ہیں، حکومت کی یہاں واضح ہدایات تھیں کہ زائد عمر کے لوگ گھروں سے باہر نہ نکلیں، مجھے چونکہ دل کا مرض لاحق ہے، شوگر بھی ہے، بلڈ پریشر بھی ہے اس لئے میں نے احتیاط کی کہ کہیں کورونا ہو گیا تو صحت بگڑ سکتی ہے لیکن اب واکر منگوا لیا ہے جس کے ساتھ میں باقاعدگی کے ساتھ واک کر رہا ہوں اور امید ہے کہ تین سے چار ماہ بعد دوبارہ کرکٹ گرائونڈ میں ہوں گا، ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت کے امکانات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم کا کوئی کوچ ہی نہیں تھا، ثقلین مشتاق کو ہیڈ کوچ بنایا ہے اس کے علاوہ سائوتھ افریقہ کے فاسٹ بالر اور بیٹنگ کوچ جو آسٹریلیا سے لیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہاں لندن میں شیخ سربلند نے میرا کچھ عرصہ قبل اس وقت کے چیئرمین احسان مانی سے رابطہ کرایا تھا جن کے کہنے پر میں نے انہیں خط بھی لکھا لیکن ادھر سے جواب آیا کہ میں بورڈ اور قوم سے معافی مانگوں اور یہ اعتراف کروں کہ جو میں نے کہا غلط کہا تھا جب کہ چونکہ وہ تمام باتیں سچی تھیں اس لئے میں کیوں کسی سے معافی مانگوں، میری قانونی نمائندگی نعیم بخاری کر رہے ہیں اور یقین ہے انصاف ضرور ملے گا۔
تازہ ترین