خیرات نہیں حق چاہئے ، وعدہ خلافی نے دوبارہ احتجاج پر مجبورکیا،مولانا ہدایت

January 20, 2022

کوئٹہ(پ ر) حق دوتحریک کے قائد جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہےکہ حق دوتحریک کے زیراہتمام حقوق کے حصول غافل حکمرانوں کو غفلت ونیندسے جگانے کیلئے 20جنوری کو اورماڑہ، 3 فروری کو پسنی ،10فروری کو سربندن اور 27فروری کواوتھل میں کوسٹل ہائی وے پر دھرنے دئیے جائیں گے ہر سطح پر تیاریاں جاری ہیں، غیر معینہ مدت کیلئے یکم مارچ کو گوادرمیں عوامی احتجاجی دھرناہوگا۔وزیرا علیٰ وان کی ٹیم نے وعدہ خلافی کی جس کی وجہ سے ہم دوبارہ احتجاج پر مجبورہوئے، ہم جائز حقوق کے حصول کیلئے ہر سطح پر جدوجہدکریں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادرتربت میں احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سےوفودسے ملاقاتوں کے دوران گفتگومیں کیا۔انہوں نے کہاکہ گوادر مکران ڈویژن کے نوجوان وعوام ملکر پورے صوبے کے عوام کو بیدار کریں گے تاکہ مظلوموں کی آوازکو توانائی مل سکے اور لوٹ مار بددیانتی وغفلت کا خاتمہ ہوجائے۔ حقوق کے حصول ،مسائل کے حل ،بے حس حکمرانوں ومنتخب نمائندوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے کیلئے نوجوان ،قبائلی عمائدین اورعلمائے کرام ومظلوم عوام ہمارے ساتھ ہیں ۔حکمرانوں کو بیانات ،ٹویٹس ونوٹس سے نکل کر عملی طور پر ہمارے مطالبات تسلیم کرنے ہوں گے ۔اگر غافل حکمران ہمارے جائز مطالبات ماننے اورجائز قانونی حقوق دینے کیلئے تیار نہیں توہم بزور قوت جمہوری طریقے سے حکمرانوں سے حق چھین لیں گے ۔ہمیں خیرات نہیں حق چاہیے حکمران خود مظلوم عوام کے وسائل سے مالامال جبکہ عوام بدحال وپریشان ہیں ہمیں تعلیم وصحت کی سہولیات چاہیں ، ہمیں اپنے کاروبار کو تحفظ چاہیے ہمیں چیک پوسٹوں پر عزت چاہیے، حکمران زبردستی بااختیار بننے والوں کوہمیں پاکستانی سمجھناہوگااور ہماری بات ماننی ہوگی ہم حکمرانوں سے حساب مانگ رہے ہیں لوٹ مار نہیں چلنے دیں گے ۔