پی ایس ایل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میری زندگی میں خاص مقام ہے، شاداب

January 21, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا ان کی زندگی میں ایک خاص مقام ہے۔ اس ٹورنامنٹ اور فرنچائز کا ان کی ترقی میں اہم کردار ہے۔نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے ۔ ٹورنامنٹ میں ڈیبیوسےلے کر اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔جمعرات کو ایک انٹر ویو میں شاداب خان نے کہا کہ پشاور زلمی کا شمار سب سے مشکل ٹیموں میں ہوتا ہے، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچز ہمیشہ سنسنی سے بھرپور رہتے ہیں۔ زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک کا یہ ایک ایسا برانڈ ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کی پذیرائی کا سبب بن رہا ہے ، معیاری کرکٹ اور نوجوانوں کو مواقع دینا اس کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں نے تقریباََ ہر ایڈیشن میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔وہاب ریاض نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ہمیشہ بہترین رہتا ہے ۔ شائقین کرکٹ بھی اس میچ میں خوب دلچسپی لیتے ہیں، امید ہے کہ تمام کرکٹ پرستار اس ایونٹ میں بہترین مقابلوں سے محظوظ ہوں گے۔