بدعنوانی میں ملوث قومی بینک کے 14 افسران کی 10 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور

January 25, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 25ارب روپے سے زائد کی مالی بدعنوانی میں ملوث قومی بینک کے14افسران کی فی کس ایک لاکھ روپے کے عیوض حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ10روز میں متعلقہ عدالت کے سامنے پیش ہو جائیں۔ ملزمان میں بینک کے پانچ سابق جبکہ دیگر حاضر سروس افسران شامل ہیں۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نجی پیٹرولیم کمپنی کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کو جعلی دستاویزات پر 24 ارب روپے سے زائد رقم کا قرضہ جاری کر کے قومی خزانے کا ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔واضح رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے نجی پیٹرولیم کمپنی کے سربراہ کو مذکورہ مقدمے میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔