سپریم کورٹ کا فیصلہ‘ شہباز اور حمزہ کی حکومت ختم ہوگئی‘ فواد

May 18, 2022

لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کی رائے کو فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت عملی طور پر ختم ہوچکی ہیں‘شہباز شریف بطوروزیر اعظم اورحمزہ شہباز بطور وزیر اعلیٰ اکثریت کھو چکے ہیں‘ان کو فوری طور پر عہدے چھوڑ دینے چاہئیں‘کسی کے پاس اکثریت نہیں ‘صدراسمبلی توڑ دیں ۔ منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واضح ہو گیا کہ منحرف اراکین نااہل ہو گئے ہیں اور ان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا‘عدالتی فیصلے کے بعد 25 منحرف ارکان کا ووٹ حمزہ شہباز کے ساتھ نہیں رہا،شہباز شریف کے پاس 173ووٹ ہیں، 3لوگ (ن) لیگ سے علیحدہ ہوچکے ہیں، صدرمملکت اعتماد کا ووٹ کا کہیں گے توان کے پاس169ممبران ہیں، پنجاب میں حمزہ کے پاس 171ووٹ ہیں لیکن حکومت سازی کیلئے186 چاہئیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ملک نئے انتخابات کی طرف جارہا ہے لہٰذاچیف الیکشن کمشنر کو تبدیل ہونا چاہیے۔