ایئر پورٹ کراچی کے عملے کی جانب سے ایس آر او 598 کا غلط استعمال

May 27, 2022

کراچی ( رپورٹ: سہیل افضل ) کسٹمز جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کراچی کے عملے کی جانب سے ایس آر او 598کا غلط استعمال کر کے مسافروں کو پریشان کر نے کا ایف بی آر کی جانب سے سخت نوٹس،کلکٹر جے آئی اے پی کا تبادلہ، تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی ہدایت پر ایف بی آر نے ملک میں ڈالر کی طلب کو کم کرنے کے لئے لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کی اور 19مئی کو اس کا ایس آر او 598۔2022جاری کیا گیا ،جناح ایئر پورٹ کے عملے نے اس ایس آر او کی بنیاد پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی جانب سے بچوں کے لئے لائی جانے والی چاکلیٹ ،ٹافیاں ، کھانے پینے والی دیگر اشیاء اور تحائف بھی ضبط کر لئے گئے، مسافروں کا کہنا ہے کہ اگر کسی کے سامان سے 2 سے 3 کلو کے درمیان بھی کھانے پینے والی اشیاء تھیں تو وہ بھی ضبط کر لی گئیں ،تمام مسافروں کے سامان کی سخت تلاشی کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑا،مسافروں کا کہنا ہے کہ بیرون ملک میں پاکستانی چاکلیٹ یا ٹافیاں نہیں ملتی ،اس لئے اگر بچوںکے لئے چاکلیٹ یا دیگر اشیاء لائی جاتی ہیں تو یہ کیسے جرم بن گیا ،دوسری جانب کسٹمز جناح ایئر پورٹ کراچی کی جانب سے ممبر کسٹمز کو بھیجی جانے والی لسٹ میں بتا یا کہ ایس آر او 598کی روشنی میں ایئر پورٹ کی سخت نگرانی کرتے ہوئے مسافروں سے 76کلو گرام فوڈ اسٹف، 127 کلو گرام فروٹ ، 96جوڑے جوتے،213استعمال شدہ فون اور42کلو گرام سینٹری آئٹم ضبط کئے گئےتاہم مسافروں کی تعداد کی اس رپورٹ میں ذکر نہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سامان سینکڑوں مسافروں سے برآمد کیا گیا ،جس سے صورتحال کا اندازہ لگایا سکتا ہے ،ذرائع کے مطابق بعض مسافروں نے کسٹمز کے اس ناروا سلوک کی شکایت اعلیٰ سطح پر کی، ایف بی آر نے مسافروں کے اس سلوک پر کلکٹر جناح ایئر پورٹ کراچی محمد رضا کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ چوہدری محمد جاوید کو جےآئی اے پی کا کلکٹر تعینات کر دیا ہے۔