بلوچستان کیساتھ مرکزی قائدین کا رویہ سوتیلی ماں کا ہوگیا‘ ن لیگ

June 26, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ نے بیان میں پارٹی کے مرکزی صدر کے بلوچستان کے ساتھ سوتیلی ماں والے سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ بلوچستان میں پارٹی کے کسی بھی عہدیدار کو ساتھ نہیں لیاسیاسی تاریخ میں اس قسم کی بے قدری آج تک نہیں دیکھی گئی۔حالانکہ گوادر کے مقامی پارٹی ورکروں کو مد عو کیا جانا چاہئے تھا ۔بیان میں انہوں نے کہا کہ مرکزی صدر پارٹی کو اگر ملک میں اسی طرح چلاتے رہے تو پارٹی بلوچستان میں مکمل طور پر ختم ہوجائے گی، اربوں روپے مذہبی اور قوم پرستوں کو فیڈرل پی ایس ڈی پی میں اور اسی طرح صوبائی بجٹ میں مسلم لیگ(ن) کو نظرانداز کرنا ظلم و زیادتی ہے،انہوں نے کہا کہ جب مرکزی صدر اور سیکرٹری جنرل کا رویہ پارٹی کے ساتھ اس طرح کا ہوگا اور ترقیاتی کاموں اور پی ایس ڈی پی میں پارٹی کو نظرانداز کیا جاتا رہا تو اس کا نقصان پارٹی کو ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پارٹی کے تمام ضلعی ڈویژن کے عہدیدارمرکزی صدر سے ملاقات اور انہیں اپنے خدشات سے آگاہ کریں گے اوراگر بات نہ سنی گئی تو انتہائی اقدام اٹھانے سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔