سندھ ہائی کورٹ، دعا زہرا کی بازیابی کیلئے نئی درخواست دائر

July 06, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ میں دعا زہرا کے والد سید مہدی کاظمی نے بیٹی کی بازیابی کیلئے نئی درخواست دائر کردی۔ مہدی کاظمی نے دائر درخواست میں محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ، ایس ایچ او الفلاح، ظہیر احمد و دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ دعا زہرا کو ظہیر احمد نے اغواء کیا ہے اغواء کے وقت دعا کی عمر 13 سال 11ماہ اور 19دن تھی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ 14سالہ کم عمر دعا زہرا کو بازیاب کرانیکا حکم دیا جائے۔ دعا زہرا کی عمر سے متعلق نادرا دستاویزات ، تعلیمی اسناد، پاسپورٹ برتھ سرٹیفکیٹ موجود ہے۔ ظہیر احمد نے مغویہ کو پنجاب لے جاکر چائلڈ میرج کرلی ہے۔ نکاح نامے پر تاریخ 17اپریل درج ہے اور عمر18سال ظاہر کی گئی ہے تاکہ نکاح کو جائز قرار دیا جائے۔ 7مئی 2022کو دعا زہرا کی بازیابی کی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔