واسا ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر مظاہر ہ،وزیر اعلیٰ کا نوٹس

July 07, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنچاب حمزہ شہباز نےعید الاضحیٰ کے موقع پر واسا ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لے لیا اور کمشنر ملتان عامر خٹک نے ویڈیو لنک کانفرنس میں وزیر اعلیٰ پنجاب،چیف سیکرٹری کو رپورٹ پیش کی ، چیف سیکرٹری نے سیکرٹری ہاؤسنگ،ایم ڈی واسا کو ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیا ، ایم ڈی واسا قیصر رضا نے اعلیٰ حکام کو مالی بحران سے متعلق بریفنگ دی ، دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے ایم ڈی واسا کو عید سے پہلے تنخواہوں کا حکم جاری کر دیا ، منیجنگ ڈائریکٹر واسا کا کہنا تھا کہ 2004 سے واسا ٹیرف نہ بڑھنے سے مالی خسارہ کئی سو گنا بڑھ چکا ہے، قبل ازیں ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کچہری چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا ، غازی یونین واسا کے مظاہرے کی قیادت صدر غازی یونین وحید رجوانہ نے کی ، مظاہرین نے تنخواہیں نہ ملنے پر روڈ بلاک کردیا اور واسا انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی، اعلیٰ حکام کی ہدایت پر ایم ڈی واسا موقع پرپہنچ گئے ، جہاں پر ایم ڈی واسا قیصر رضا نے ملازمین کو احتجاج ختم کرنے کی ہدایت کی ، ملازمین نے تنخواہیں ادا کرنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز زندہ باد کے نعرے لگائے، دریں اثنا ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے واسا ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ حل کروادیا۔