ورلڈ بینک بارشوں کے بعد تباہی کے اثرات سے باہر نکلنے میں کلیدی کردارادا کرسکتا ہے، نجم شاہ کی وفد سے گفتگو

September 27, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ حکومت سندھ انجینئر سید نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ تباہ کن بارشوں کے بعد ہونے والی تباہی کے اثرات سے باہر نکلنے میں ورلڈ بینک کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے، اجلاس میں ورلڈ بینک کے وفد کے ساتھ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بحالی اور سڑکوں کی مرمت سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، انجینئر سید نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور سڑکوں کی مرمت و استرکاری حکومت سندھ کے بنیادی اقدامات اور ترجیحات میں شامل ہے، ورلڈ بینک آفیشلز نے سیکرٹری بلدیات سے اتفاق کرتے ہوئے عالمی بینک کی جانب سے مشکل حالات پر قابو پانے کے لئے تعاون کا یقین دلایا ۔