ملازمت کے بہانے لڑکی سے زیادتی کے ملزم کو عمر قید

September 28, 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی احسن محمود ملک نے ملازمت کے بہانے کراچی سے لائی گئی لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار ملزم کو عمر قید سخت اور ایک لاکھ روپے معاوضہ کی سزا سنادی۔ راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ کی پولیس نے چار دسمبر 2020کو (ش ب)کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ کراچی میں اس کی سہیلی ملازمت دلوانےکیلئے اسے اپنے جاننے والے رضوان نامی شخص کے پاس لے گئی جہاں سے رضوان اور اس کی سہیلی 28نومبر کو اسے لاہور لائے جہاں پر کاشف اور نثار بھی موجود تھے۔ ان لوگوں نے مجھے نشہ آور چیز پلا کر بے ہوش کیا اور راولپنڈی لے آئے جب دو دسمبر کو ہوش آیا تو وہاں ندیم شاہ، قدیر، امجد عرف پپو اور دو نامعلوم موجود تھے جو وقتاً فوقتاً مجھ سے زیادتی کرتے رہے۔ٹرائل مکمل ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے امجد عرف پپو کو عمر قید سخت اور متاثرہ خاتون کو ایک لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ اس مقدمہ کا ایک ملزم ندیم شاہ مفرور ہے جبکہ ایک ملزم عبدالقدیر جیل میں انتقال کر گیا تھا۔