میپکو میں تبادلوں اور محکمانہ کارروائی کے اختیارات نچلی سطح پر تقسیم

October 03, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر )میپکو انتظامیہ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے آپریشنل /ٹیکنیکل سٹاف کے تقرر وتبادلوں، محکمانہ کاروائی کرنے کے اختیارات اور ایڈمنسٹریٹو کنٹرول ڈی سنٹرلائز کردئیے ہیں۔ ڈائریکٹر ایچ آر ایم میپکو وقاص چغتائی کی جانب سے جاری ہونے والے آفس آرڈر کے مطابق آپر یشن ونگ میں ایک ہی سب ڈویژن میں گریڈ 1سے گریڈ11تک تبادلوں /تعیناتیوں کا اختیار متعلقہ ایس ڈی او،ایک ہی ڈویژن میں گریڈ 1سے گریڈ15تک تبادلوں /تعیناتیوں کا اختیار متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر، ایک ہی سرکل میں گریڈ1سے گریڈ17تک ملازمین کے تبادلوں /تعیناتیوں کا اختیار متعلقہ سپریٹنڈنگ انجینئر کو دیاگیاہے۔ ریجن بھر کے گریڈ18اور19کے افسران کے تبادلے و تعیناتی کا اختیار چیف ایگزیکٹوآفیسر کے پاس ہوگا جبکہ گریڈ20کے آپریشن ونگ کے افسران کے تقرر وتبادلے میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کمیٹی کرے گی۔ آفس آرڈر کے مطابق آپریشن ونگ کے گریڈ 1سے گریڈ11کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کاروائی کا اختیار متعلقہ ایس ڈی او، گریڈ12سے گریڈ15کے ملازمین کے خلاف کاروائی متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر، گریڈ16اور17کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کاروائی متعلقہ سپریٹنڈنگ انجینئر کریں گے۔ گریڈ18کے افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی متعلقہ سرکل مانیٹر/ چیف انجینئر کریں گے جبکہ کمرشل معاملات میں اپیلٹ اتھارٹی جنرل منیجر کسٹمرسروسز کی ہوگی۔ گریڈ19کے افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی کا اختیار چیف ایگزیکٹوآفیسر کے پاس ہو گا جبکہ گریڈ20کے آپریشن ونگ کے افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی کا اختیار میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ایچ آر اینڈ نومینیشن کمیٹی کرے گی۔کمیٹی کے کنوینئر انجینئر فضل اللہ دُرانی کو مقرر کیاگیاہے۔ ڈائریکٹرجنرل میراڈ،چیف فنانشل آفیسراور کمپنی سیکرٹری کے خلاف محکمانہ کاروائی کا اختیار بورڈ آف ڈائریکٹرز کی آڈٹ اینڈ فنانس کمیٹی کو دیاگیاہے جبکہ اپیلٹ اتھارٹی چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ہوں گے۔