متاثرین سیلاب کو ہرممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں، الخدمت فائونڈیشن

October 04, 2022

کوئٹہ(پ ر)الخدمت فائونڈیشن بلوچستان کے صدرانجینئرجمیل احمدکرد نے کہاہےکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں خیمہ بستی قائم کرکے متاثرین کو آباد کرکے انہیں خیموں میں ضروریات زندگی کھانے پینے تعلیم وصحت کی بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں ۔نصیرآبادجعفرآباد لسبیلہ نوشکی مستونگ کوئٹہ کی خیمہ بستیوں میں متاثرین کے علاج وبچوں کی تعلیم و تدریس کا بھی بہترین انتظام کیا گیاہے خیمہ بستیوں سے باہر کے متاثرین کو بھی راشن وتیارکھانے فراہم کیے جارہے ہیں الخدمت کے رضاکاروں نے بلوچستان پشتونخوا،سندھ ،جنوبی پنجاب میں 50 ہزار لوگوں کو سیلابی ریلوں سے نکال کر انہیں محفوظ مقام پر پہنچایا 65 مقامات پر خیمہ بستیاں قائم کی ہیں اور مزید قائم کی جا رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے نوشکی میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر متاثرین میں کھانے پینے کی اشیاء بھی تقسیم کی گئیں انہوں نے کہاکہ سیلاب زدگان کی مدد میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے بے شمار اداروں مملکتوں نے الخدمت فائونڈیشن کو والہانہ اعزاز بخشا ہے ۔ ایمبو لینسز ،موبائل ہیلتھ یونٹ بیمار افراد کے پاس پہنچ رہے ہیں ڈاکٹر ز،پیرا میڈیکل عملہ کشتیوں کے ذریعے بھی پہنچ رہا ہے۔الخدمت فائونڈیشن واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کر رہی ہے۔ دو وقت کا پکا پکایا کھانا فراہم کر رہی ہے خدمت انسانیت کا یہ مشن جاری رہے گا۔ پاکستان اور بیرون ملک آنے واے لوگوں نے اربوں روپے کے فنڈز دئیے ہیں لیکن سیاسی شخصیات اور رئیل اسٹیٹ والی شخصیات سے سیلاب زدہ علاقوں تک کوئی امداد نہیں پہنچی آج اگر انتخابات کا اعلان ہو جائے تو 5 ہزار لوگ 5 کروڑ سے ایک ارب روپے خرچ کرنے پر تیار ہو جائیں گے ووٹ خرید کر وہ محبت نہیں مل سکتی جو دل جیت کر لوگوں کی محبت سمیٹنے میں ہے۔ بلوچستان میں سیلاب وبارش کی تباہ کاریوں،مہنگائی وغربت کی وجہ سے کم آمدنی والے غریب عوام کی پریشانی مشکلات میں بہت زیادہ اضافہ ہواہے۔ متاثرہ علاقو ں کے عوام خوردنی اشیاء تک کو ترس رہے ہیں سیلاب زدگان کی بحالی ان کی امدادہم سب کی ذمہ داری ہے ۔قومیں اس موقع پر یکجہتی واتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کے دکھ دردمیں شریک ہوکر ان کی ہرممکن مددکرتی ہیں بدقسمتی سے ہمارے یہاں متاثرین کی امدادکو مال غنیمت سمجھ کر لوٹاجارہا ہے ۔بحالی کے اداروں سے تعلق رکھنے والے امدادی کام دیانت داری وایمانداری سے کریں تاکہ دنیا وآخرت کی کامیابی ترقی اورخوشحالی میسرہو۔مخیر حضرات الخدمت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ دکھی انسانیت کی بہترین خدمت ہوجائیں ۔