جرمن فٹبال ٹیم اسٹیڈیم میں شائقین کے عتاب کا نشانہ بن گئی

November 29, 2022

دوحا (جنگ نیوز) ورلڈکپ فٹبال میں جرمن ٹیم شائقین کے عتاب کا نشانہ بن گئی۔ اس کے خلاف اسٹیڈیم میں مظاہرہ کیا گیا۔اتوار کو اسپین کے خلاف میچ میں متعدد شائقین نے ہاتھوں میں جرمن فٹبالر میسوت اوزل کے پوسٹر اٹھائے منہ پر ہاتھ کر احتجاج کیا۔ وہ ترک نژاد اسٹار فٹبالر کے جرمنی میں تعصب کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی نشاندہی کررہے تھے۔ان میں کچھ نے پینسل سے بنے اوزل کے اسکیچ اور چند نے ان کی جرمن ٹیم کی شرٹ میں ایکشن تصاویر تھامی ہوئی تھیں۔خیال رہے کہ جرمن ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے ورلڈکپ کے پہلے میچ سے قبل ہم جنس پرستی کےخلاف قطر کے اقدامات پر بطور احتجاج منہ پر ہاتھ رکھ کر گروپ فوٹو بنوایا تھا۔ سابق جرمن اسٹار اوزل کو 2018میں ترک صدر اردوان کے ساتھ تصویر کی اشاعت کے بعد نشانہ بنانا شروع کیا گیا تھا، انہوں نے بعد میں جرمن فٹبال حکام اور شائقین سے متعلق کہا تھا کہ جب ہم جیتیں تو میں جرمن ہوتا ہوں لیکن شکست پر مجھے پناہ گیر قرار دیا جاتا ہے۔