مراکش کا کرشمہ، فتح کےجشن میں عاجزی، مظلوم فلسطینیوں کو نہ بھولے

December 08, 2022

دوحا (جنگ نیوز) قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 کے ایک میچ میں مراکش نےا سپین کو پینالٹی ککس پر صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔اس شاندار کرشماتی کامیابی میں مراکشی فٹبالرزعاجزی اختیار کی اور ہوش سنبھالے رکھے، سجدہ شکر ادا کیا، اللہ کا ذکر کیا، مظلوم فلسطینیوں کو بھی نہ بھولے۔ حیران کن فتح کا جشن مراکش کے اسٹار کھلاڑی اشرف حکیمی اسٹیڈیم میں بیٹھی اپنی والدہ کے ساتھ منایا۔ انہوں نے والدہ کو سینے سے لگا کر ان کے ماتھے پر بوسہ دیا۔ ان کہنا ہے کہ میری والدہ لوگوں کے گھروں کی صفائی کیا کرتی تھیں ، ہمارا تعلق ایک غریب مگر سفید پوش گھرانے سے ہے جنہیں اپنے کمانے اور کھانے کے لیے جدوجہد کرنا پڑتی تھی۔ آج میں ہر روز ان کے لیے لڑتا ہوں کیونکہ انہوں نے میرے لیے قربانیاں دیں ۔ منگل کی شب میچ کے آخری لمحات میں مراکش کے فٹبالرز کی پینالٹی شوٹ آؤٹ سے پہلے سورہ فاتحہ پڑھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ میچ جیتنے کے بعد مراکش کے کھلاڑیوں نے فلسطینی پرچم کے ساتھ جشن بھی منایا اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ میچ کے بعد مراکشی کھلاڑیوں کو اسرائیلی فوج کے جبرو تشدد سہتے فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے بھی دیکھا گیا جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں کھلاڑیوں کو جیت کو اللہ کا کمال قرار کرتے بھی دیکھا گیا۔ ورلڈ کپ میں مراکش کی ٹیم اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور گروپ مرحلے کے دوران بھی وہ اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر رہی تھی۔ ایونٹ میں بدھ اور جمعرات کو آرام کا دن ہے، جمعےکو پہلا کوارٹر فائنل میں رات 8 بجے2018 کی فائنلسٹ ٹیم کروشیا پانچ مرتبہ کی چیمپئن برازیل کے مدمقابل ہوگی۔ دوسرے کوارٹرفائنل میں نیدرلینڈز کا مقابلہ ارجنٹینا سے رات 12بجے ہوگا۔ ہفتے کو کوارٹرفائنل میں مراکش کی ٹیم پُرتگال جبکہ آخری کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس اور انگلینڈ ٹکرائیں گی ۔