مضبوط مقامی حکومتیں بہتر سماجی خدمت کو یقینی بناتی ہیں، عائشہ بانو

December 10, 2022

اسلام آبا( مہتاب حیدر) ایم پی اے، پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن خیبر پختون خواعائشہ بانو نے کہا ہے کہ مضبوط مقامی حکومتیں بہتر سماجی خدمات کو یقینی بناتی ہیں اور اس کے لئے ہمیں مقامی گورننس کے نفاذ کے لئے مضبوط وژن اور عزم کی ضرورت ہے، یہ بات نے انہوں نے مقامی حکومتوں کو سماجی خدمات کی فراہمی کا انچارج بنانے کے موضوع پر ایک سیشن کے دوران کہی۔ اس سیشن کا اہتمام سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) نے یو ایس ایڈ (این پی آئی ایکسپینڈ ایچ ڈی اے پروگرام) کے تعاون سے اسلام آباد میں 25 ویں پائیدار ترقیاتی کانفرنس (ایس ڈی سی) کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختون خواحکومت نے مختلف مقامی فریم ورکس کے ذریعہ صوبے میں تعلیم کی حالت کو بہتر بنایا ہے۔ ایم پی اے و سابق وزیر بلدیات خیبر پختون خوا عنایت اللہ نے کہا سماجی خدمات کی فراہمی کی نگرانی کا سب سے اہم کام مقامی حکومت کا ہے جہاں کونسلوں کو مدد اور صلاحیت سازی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ملالہ فنڈ پاکستان کے پروگرام ڈائریکٹر جاوید ملک نے مقامی حکومتوں کے نظام میں سیاسی رکاوٹوں پر روشنی ڈالی۔