دہشت گردوں کو انکے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے، بلوچستان شہداء فورم

January 26, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان شہداء فورم کے زیر اہتمام بدھ کو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے محمد رضوان ، شبیر بلوچ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان شہداء فورم کے چیئرمین نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کی ہدایت پر مظاہرہ کیا جارہا ہے جس کا مقصد پرامن احتجاج کے ذریعے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہداء ہمارے سر کا تاج ہیں اور ہم ان کے وارث ہیں ، ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں شاہد ہی کوئی خاندان ایسا ہو جس نے دہشت گردی کیخلاف قربانی نہ دی ہو ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ 22کروڑ عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی نے ہمیں حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہنے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان شہداء فورم کا مقصد شہداء کے خاندانوں کی بھلائی اور حقوق کیلئے آواز بلند کرنا ہے ۔حکومت شہداءکے خاندانوں کیلئے معاشی پالیسیاں ترتیب دے اور شہداء کے لواحقین اور متاثرہ خاندانوں کیلئے شہداء پیکج کا اعلان کرے۔