ہاکی ورلڈ کپ سیمی فائنلز میں آسٹریلیا اور ہالینڈ کو شکست

January 28, 2023

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کوالیفائی نہیں کرسکی تھی، تاہم گرین شرٹس کا ماضی میںچار بار عالمی چیمپئن بننے کاریکارڈ برابر ہونے سے بچ گیا۔ سیمی فائنل میں تین تین بار کی چیمپئن ہالینڈ اور آ سٹریلیا کی ناکامی سے فی الحال ٹائٹلز کی دوڑ میں پاکستان ہی سرفہرست ہے۔ پاکستان نے چار مرتبہ 1971،1978،1982،1994 میں عالمی اعزاز جیتا ۔ آسٹریلیا نے1986،2010،2014جبکہ ہالینڈ نے1973،1990،1998میں تین تین بار عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ جمعے کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بیلجیم نے ہالینڈ کو پنالٹی شوٹ آ ؤٹ پر3-2 سے شکست دی، مقررہ وقت تک میچ دو، دو گول سے برابر رہا۔ دوسرے سیمی فائنل میں جرمنی نے آ سٹریلیا کے خلاف4-3سے کامیابی حاصل کی۔ جرمنی نے 2002اور2006میں جبکہ بیلجیم نے 2018 میں یہ اعزاز جیتا ہے۔ورلڈکپ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسری پوزیشن کے لئے ہالینڈ اور آ سٹریلیا مد مقابل ہوں گے۔ ہفتے کو پوزیشن کے میچز کھیلے جائیں گے۔