آلو چوری کے الزام میں بچے پر مصیبت ٹوٹ پڑی

January 30, 2023

سکھر (بیورو رپورٹ) آلو چوری کے الزام میں معصوم بچے پر مصیبت ٹوٹ پڑی، سنگ دل و سفاک لوگوں نے معصوم بچے کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا، پے در پے لاٹھیاں برسا کر مظلوم کی چیخ و پکار سننے والے ہنستے رہے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، ایس ایس پی سکھر کا نوٹس، پولیس نے متحرک ہوکر ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ سماجی، اخلاقی و معاشرتی اقدار کو پامال کرنیوالے انسانیت سوز واقعات آئے دن رونما ہوتے رہتے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ سکھر کے نواحی علاقے صالح پٹ میں پیش آیا، جہاں آلو چوری کے الزام میں معصوم بچے کو سفاک و سنگدل لوگوں کی وحشت کا سامنا کرنا پڑا۔ افسوس ناک واقعہ صالح پٹ کے نواحی علاقے بارگاہ میں پیش آیا جہاں بچے پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ایک شخص منہ ڈھانپ کر بچے کو تشدد کا نشانہ بنارہا ہے، ابتداء میں بچے کو موبائل دیکر اس کے والد چچا کا نمبر ملانے کا کہا گیا، بچے نے ایسا نہ کیا، جس پر وہاں موجود لوگوں نے اسے گھیر کر لاٹھیوں سے بری طرح مارا پیٹا، معصوم کی چیخ و پکار پر بھی سنگ دل لوگوں کے دل نہ پگھلے اور اسے پیٹتے رہے۔