فیڈرل بی ایریا، گورنمنٹ اسکول میں نیم کے درجنوں درخت کاٹ کر ٹمبر مافیا کو بیچنے پر ہیڈ ماسٹر معطل

February 04, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک19 میں قائم گورنمنٹ بوائز سکینڈری ایگروٹیکنیکل اسکول کے احاطے میں نیم کے درجنوں درخت کاٹ کر ٹمبر مافیا کو فروخت کرنے کی وڈیو سامنے آنے کے بعد ڈائریکٹر سیکنڈری اسکول فرناز ریاض نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اسکول کے انچارج ہیڈ ماسٹر محمد مزمل کو معطل کردیا ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ڈائریکٹر اسکول فرناز ریاض نے بتایا کہ ٹاؤن ایجوکیشن افسر نے جو رپورٹ دی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ ہیڈ ماسٹر سے پڑوسیوں نے درخت کاٹنے کی درخواست کی تھی اور کہا تھا اس کے پتوں سے ان کے گھروں میں گندگی پھیل رہی ہے لہذا درخت کاٹ دئیے جائیں۔ چنانچہ درخت کاٹ دیئے گئے، رپورٹ میں اس غیر ذمہ دارانہ طرزعمل اور حکام کی اجازت کے بغیر درخت کاٹنے پر ہیڈماسٹر کے خلاف کارروائی کی جائے۔