کراچی کی ترقی سے پورے پاکستان کی ترقی جڑی ہے، خالد مقبول

February 04, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی سے پورے پاکستان کی ترقی جڑی ہے، سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر ہم فیصلہ کرلیں تو کوئی بھائی سے بھائی کو نہیں لڑا سکتا اس شہر کی ترقی کیلئے امن ضروری ہے،تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقول صدیقی نے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال اور رابطہ کمیٹی کےساتھ پختون برادری کے جرگہ کی دعوت پر کوئٹہ ٹاؤن سہراب گوٹھ کا دورہ کیا اور پختون جرگہ کے مختلف قبائل کے عمائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آپ نے جو محبت دی ہے یہ اس شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اس شہر کی ترقی سے پورے پاکستان کی ترقی جڑی ہے اس شہر کے امن سے پورا پاکستان کا امن وابستہ ہے۔ کچھ لوگ جو اس شہر پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں ان کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ہم سب آپس میں لڑتے رہیں اور مل کر ایک ساتھ نہ بیٹھیں تاکہ ان کا راج اس شہر پر قائم و دائم رہے لیکن اب جو امن اس شہر میں قائم ہورہا ہے وہ ہمیشہ قائم و پائیدار رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت جو معاشی اور سیاسی صورتحال ہے وہ بہتر ہوسکتی ہے اس شہر میں امن ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔