حکمران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں

February 04, 2023

پشاور (لیڈی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن ملاکنڈ ڈویژن خواتین ونگ کی صدر بی بی جان نے کہا ہے کہ پولیس لائنز مسجد خودکش دھماکہ کسی طور بھی سانحہ اے پی ایس سے کم نہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی اجلاس اور آل پارٹیز کانفرنس بلوا کر ثابت کردیا کہ موجودہ حکمران اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں، ملوث عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ امن کا قیام یقینی بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے حالیہ سانحہ نے ایک مرتبہ پھر سے سینکڑوں گھروں میں صف ماتم بچھا دی ہے۔ مائیں اپنے بیٹوں کو روتی ہیں تو بیوائیں اپنے سر کے سائیں کی لاش دیکھ کر نڈھال ہیں۔ کتنے ہی بچے ایک مرتبہ پھر یتیم ہوگئے ہیں۔ نوجوان بیٹوں کی لاشیں اٹھانے والے باپ کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے پہلے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کیے، یہ ہماری بہادر ترین فورس ہے جس کی وجہ سے امن کا قیام یقینی ہوا تھا لیکن ایک مرتبہ پھر امن کے دشمنوں نے پشاور ہی نہیں پورے صوبے کو لہو لہان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکہ کے بعد بھی فورس کا مورال بلند ہے اور عوام سمیت موجودہ سیاسی قیادت اور حکمران بالخصوص وزیراعظم پاکستان کے پی پولیس کے دکھ درد اور غم میں برابر کے شریک ہیں جسکا ثبوت آل پارٹیز کانفرنس اور ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہے جس میں اہم ترین اور سخت فیصلے لیے گئے۔ بی بی جان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملکی اداروں کے بازو مضبوط کرنا ہیں تاکہ اندرونی و بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔