کرکٹر معین خان کے بیٹے اعظم خان کیلئے متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ

February 05, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے انٹر نیشنل کرکٹر اور معین خان کے بیٹے اعظم خان کو متحدہ عرب امارات کاگولڈن ویزہ مل گیا۔سوشل میڈیا پر اعظم خان نےگولڈن ویزا ملنے کی تصویر شیئر کی ہے۔اعظم خان نے تصویر کے ساتھ پیغام میں لکھا کہ مجھے ایک ایسے ملک سے گولڈن ویزا ملنے پر فخر ہے جسے میں اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔ گولڈن ویزا حاصل کرنے والے افراد نیشنل اسپانسر کے بغیر یو اے ای میں تعلیم ،کاروبار اور رہائش اختیار کرسکتے ہیں۔ اعظم خان سے قبل فخرعالم، ہمایوں سعید، وسیم اکرم، شعیب ملک، ثانیہ مرزا، جنید خان، اقرا عزیز اور یاسر حسین یو اے ای کی جانب سے گولڈن ویزا حاصل کر چکے ہیں۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے دنیا بھر کی معروف شخصیات کو گولڈن ویزا سے نوازا جاچکا ہے، جن میں کرسٹیانو رونالڈو، سنجے دت، شاہ رخ خان، سلمان خان سمیت دیگر شامل ہیں۔