اختلاف رائے طاقت کی بجائے دلیل کیساتھ ہوناچاہیے، مذہبی رہنما

February 05, 2023

لاہور(خبرنگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں اسلام ریسرچ کونسل پاکستان کے زیراہتمام میں پہلی سالانہ پیغام حدیث کانفرنس ہوئی ۔شارح بخاری و مسلم علامہ علامہ رسول سعیدیؒ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے کانفرنس ہوئی ،مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اہل مدارس اسلام کے فلسفہ امن کو عام کریں، اختلاف رائے طاقت کی بجائے دلیل کے ساتھ ہونا چاہئے، علماءکرام محراب ومنبر سے لوگوں کی قرآن وسنت کی تعلیمات کی روشنی میں رہنمائی کریں اور معاشرے کو تقسم درتقسیم اور نفرت کے کلچر سے بچائیں ۔ کانفرنس کی صدارت شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے کی۔ کانفرنس سے نا راغب حسین نعیمی، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹرسید طاہر رضا بخاری، ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس، پروفیسر عاطف اسلم راؤ، پروفیسر اکرم رانا، پروفیسر علی اکبر الازہری، پروفیسر اکرم ورک، ڈاکٹر مفتی کریم خان، ڈاکٹر مفتی حسیب قادری، ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری،ڈاکٹرسعیداحمدسعیدی، پروفیسر عقیل احمد، پروفیسر نعیم احمد، مفتی عمران حنفی، ڈاکٹر سلیمان قادری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ علامہ غلام رسول سعیدی علیہ الرحمہ زمانے کے بہت بڑے محدث، مفسر، فقیہہ العصر اور فقید المثال مدرس تھے۔ ان کی زندگی کا بیشتر حصہ درس و تدریس پر محیط ہے۔ ڈاکٹرسید طاہررضابخاری نے کہاکہ غلام رسول سعیدی کی فکر، امن پسندی، علم دوستی، انسانی ہمدردی اور حقیقی کلچر کی تعلیمات کو معاشرے میں عام کیا جائے گا، علامہ غلام رسول سعید ی نے نفرت اورتقسیم کے کلچر کادلیل کے ساتھ رد کیا ۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ معاشرے میں محبتوں کے فروغ کےلئے مفتی محمد حسین نعیمیؒ، علامہ غلام رسول سعید ی کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔ ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس اپنے خطاب میں کہاکہ علامہ غلام رسول سعیدی ”العلما ورثتہ الانبیا“ کے کامل مصداق تھے ۔ پروفیسر عاطف اسلم نے کہاکہ علامہ غلام رسول سعیدی کی تحریرکردہ کتب تبیان القرآن، تبیان الفرقان، نعم الباری، شرح صحیح بخاری، شرح صحیح مسلم جیسی کثیرالمجلدات نادر کتب پوری امت کے لیے ایک عظیم اثاثہ ہیں، پروفیسر علی اکبر الازہری، پروفیسر اکرم ورک نے کہاکہ مفسرِ قرآن علامہ غلام رسول سعیدی نے قرآن و حدیث کی جو خدمت کی ہے س کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر مفتی کریم خان، ڈاکٹر مفتی حسیب قادری نے کہاکہ علامہ غلام رسول سعیدی کی شخصیت عصرحاضر کے علماءکےلئے بہترین آئیڈیل ہے ۔