عمران خان کیلئے ریلیف کا جمعہ بازار لگا دیا گیا ہے، شرجیل میمن

March 19, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پچھلے چار پانچ دن سے پاکستان میں وہ کچھ ہورہا ہے جو75سالوں میں نہیں ہوا، جو شخص بیرونی طاقتوں کی مدد سے ملک میں انارکی پیدا کر رہے ہیں، انہیں عدالتوں سے آئوٹ آف وے ریلیف دیا جا رہا ہے، عمران خان کے لئے ریلیف کا جمعہ بازار لگا دیا گیا ہے،ایک سلیکٹڈ وزیراعظم کو چھٹی کے دن بھی ریلیف مل جاتا ہے، آج ہمارے ورکر ہم سےسوال کر رہے ہیں کہ دہرا معیار کیوں ہے اور اپنے کیسز جلدی چلوانے کیلئے ہم بھی یہی کرنا شروع کردیں؟ ہفتہ کوسندھ آرکائیوز کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان کو بائے ون گیٹ نائن کے پیکیج دیئے جا رہے ہیں، لیکن ملک کے آئین اور ایٹمی طاقت کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دینے والی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مقدمات کیلئے عدالتوں کے پاس وقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عدالتوں سے کسی قسم کا ریلیف نہیں انصاف چاہیے۔ عدالتیں ان دو مقدمات میں چاہے جو بھی فیصلہ کریں ہمیں منظور ہے۔