ایک وقت تھا پوری فلم انڈسٹری شاہ رخ کو ناکام دیکھنا چاہتی تھی، انوبھو سنہا

March 20, 2023

بالی ووڈ کے نامور ہدایتکار انوبھو سنہا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’را-ون‘ کی ریلیز کے موقع پر پوری فلم انڈسٹری شاہ رخ خان کو ناکام دیکھنا چاہتی تھی۔

گذشتہ 22 سال سے بطور ہدایتکار بالی ووڈ سے منسلک انوبھو سنہا نے بتایا کہ میں نے شاہ رخ خان کی فلم ’را-ون‘2011 میں ڈائریکٹر کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری فلم انڈسٹری میں ماحول بن گیا تھا کہ شاہ رخ خان کی فلم کو ناکام قرار دینا ہے، اُس وقت ایسا کہا بھی گیا لیکن حقیقت کچھ اور تھی۔

انوبھو سنہا جو آج کل اپنی فلم’بھید‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں، نے ایک انٹرویو میں اپنے پورے فلمی کیریئر پر گفتگو کی، خاص طور پر شاہ رخ خان کے ساتھ بنائی گئی اپنی فلم ’را-ون‘ کا تذکرہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 2011 میں شاہ رخ خان، کرینہ کپور اور ارجن رامپال کے مرکزی کرداروں پر مبنی اس انتہائی مہنگے بجٹ کی فلم نے دنیا بھر سے 200 کروڑ کی کمائی کی تھی۔

نامور ہدایتکار نے مزید کہا کہ اس وقت سب نے اس فلم کو ناکام قرار دیا جبکہ حقیقت میں وہ ایک ہٹ فلم تھی۔

انہوں نے فلم انڈسٹری کے شاہ رخ خان سے متعلق رویے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ دراصل وہ کنگ خان کو اُس سائز میں ڈیل نہیں کر پارہے تھے۔

انوبھو سنہا نے 2001 میں تم بن سے اپنے ہدایتکاری کے سفر کا آغاز کیا، اُس کے بعد2005 میں فلم دس،2007 میں کیش،2011 میں را-ون اور 2016 میں تم بن2 بنائی۔

ان کا کہنا تھا کہ تم بن 2 کی ناکامی کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں اب فلم اپنے جیسے لوگوں کےلیے بناؤں گا،تب میں نے 2018 میں ملک، 2019 آرٹیکل 15، 2020 میں تھپڑ اور 2022 میں انیک بنائی۔

اُن کی نئی فلم بھید 24 مارچ کو ریلیز کی جارہی ہے، جو بھارت میں پہلے کورونا لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورتحال پر مبنی ہے۔

انوبھو سنہا کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک 2020 کے پہلے لاک ڈاؤن کے دوران ملک بھر ویسی ہی ہجرت اور صورتحال دیکھی گئی جو 1947 میں ہوئی تھی۔