مختلف علاقوں سے افغان باشندے سمیت 18 ملزمان گرفتار، اسلحہ منشیات، شراب اور گٹکا برآمد

March 21, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اتحاد ٹاؤن پولیس نے غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہری شیرخان عرف شیرا ڈینجر ولد گل محمد کو عابد آباد سے گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے غیرقانونی کلاشنکوف اور 15 راؤنڈ برآمد کرلئے ،ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ و فارنر ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے، دریں اثنا رینجرزاور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران قصبہ کالونی کٹی پہاڑی سے انتہائی مطلوب اسٹریٹ کرائم میں ملوث گروہ کے5 کارندوں سلیمان عرف بھائی، محمد ظہور عرف ظہور ے، افضل خان، محمدہارون اور عبدالغنی عرف شینا کو گر فتار کر کے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا ، ترجمان رینجرزکے اعلامیے کے مطابق ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں اسلحے کے زور پر متعدد ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں،ملزم سلیمان عرف بھائی پولیس کے ساتھ دوران ڈکیتی مقابلے میں زخمی ہوکر جیل جا چکا ہے، دوران تفتیش ملزم محمد ظہور عرف ظہورئے نے انکشاف کیا کہ وہ ڈکیت گروہ کا سرغنہ اور جرائم پیشہ افراد کوکرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں بھی ملوث ہے،علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے مختلف علاقوں سے اسٹریٹ کرائمز،منشیات فروشی اور چھالیہ،گٹکا ماوا سپلائی میں ملوث 12 ملزمان کوگرفتارکرکے ایک پستو ل، چھینا ہوا موبائل فون،چھالیہ،چرس کرسٹل، شراب اور گٹکا،ماوا برآمد کرلیاملزمان کی شناخت عرفان عرف دادا، محمد جاوید ،حماد، نصیر خان عرف نصیری، افضال خان ،حمد امین،مہران،عبدالمالک ،کاشف، عبدالقادر، عبدالسلام اور محمد عرفان کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کو نبی بخش،کلاکوٹ، گارڈن، کھارادر، نیپئراور کلری تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عرفان عرف دادا لیاری گینگ وار کیلئے کام کرتا رہا ہے۔