ہم کب تک برادر ممالک سے ٹیکسز کی چھوٹ مانگتے رہیں گے، گورنر سندھ

March 21, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم کب تک برادر ممالک سے ٹیکسز کی چھوٹ مانگتے رہیں گے، ماضی میں حکومتوں نے آئی ایم ایف سے قرض لے کر سرمایہ کاری نہیں کی بلکہ مزید قرض کیلئے آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلائے کھڑے رہے،ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا اور اس کیلئے ہرفرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہم ابھی تک قرضے اتارنے کیلئے قرضے مانگ رہے ہیں، حکمران آئی ایم ایف کی شرائط مان کر اورقرضہ حاصل کرکے اسکا درست استعمال نہ کرسکے ۔ماضی میں بھی تماشہ دیکھتے رہے اور آج بھی یہی عمل جاری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف صنعتکار،ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر،موزمبیق کے اعزازی قونصل جنرل شیخ خالدتواب کی جانب سے انکی رہائشگاہ پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق ال رومیتھی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کے دوران کیا، کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج عوام کے مسائل اور حالات بدلنے کی اشد ضرورت ہے،حیثیت کے حامل افراد کو آگے آنا ہوگا، گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین برادرانہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ثابت جبکہ سرمایہ کاری کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہورہا ہے، قونصل جنرل یو اے ای بخیت عتیق الریمیتھی نے اردومیں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات، پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کی مدد کے لئے ہر وقت تیار ہیں،کے سی سی آئی کے صدر طارق یوسف نے کہا کہ جس طرح یو اے ای نے بھارت کو زیروریٹیڈکردیا ہے اسی طرح پاکستان کو بھی یہ درجہ دیا جائے،خالدتواب نے کہا کہ یو اے ای کی حکومت نے پاکستان پر 5فیصدامپورٹ ڈیوٹی عائد کردی ہے جبکہ بھارت کو ڈیوٹی فری کی سہولت حاصل ہے،پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا یو اے ای سے مطالبہ ہے کہ 5فیصد ڈیوٹی کو زیروریٹیڈ کیا جائے۔