کسی شخص کی گفتگو ریکارڈ کرکے پبلک کرنا جرم ہے، صدر عارف علوی

March 23, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آڈیو لیک معاملے پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ دینی ، اخلاقی اور قانونی لحاظ سے کسی بھی شخص کی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ کر کے پبلک کرنا جرم ہے اور کسی کی شخصیت کو نیچا دکھانا ہر لحاظ سے معیوب ہے لیکن افسوس کہ ہمارے معاشرے میں کسی کی عیب جوئی کرنا کار ثواب سمجھا جاتا ہے، کسی کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ دوسروں کے راز فاش کرے ، ایسے لوگوں کی سرزنش ہونی چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف لائرز فورم سندھ کے زیر اہتمام گورنر ہائوس کراچی میں سیمینار "رول آف لا " سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیمینار کا انعقاد انصاف لائرز فورم سندھ ریاض آفندی ایڈووکیٹ کی زیر نگرانی کیا گیا دریں اثنا گورنر ہائوس میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ فرسودہ نصاب ترک کر کے جدید تعلیم و تربیت اور ہنر کو فروغ دینا ہوگا تاکہ نوجوانوں کو بہتر روزگار اور اچھے مواقع مل سکیں ، انھوں نے کہا کہ بشیر فاروقی اور ضیا خان نوجوانوں کا مستقبل تابناک بنانے کے لیے عملی جدوجہد کر رہے ہیں،تقریب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری، سیلانی کے بانی و چیرمین مولانا محمد بشیر فاروقی قادری اور پی آئی سی آئی کے سربراہ ضیا خان نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر 300 طالب علموں کو اسناد دی گئیں۔