آزادی صحافت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی‘ پی ایف یو جے (دستور)

March 25, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد جاری رہے گی، آزادی صحافت پر قدغن لگانے کی ہر کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا، پی ایف یو جے (دستور) کی ایف ای سی کے تین روزہ اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ آزادی صحافت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ ایف ای سی کے اجلاس کی صدارت محمد نواز رضا نے کی۔ ایف ای سی کی قراردادوں میں صحافیوں کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی جبری برطرفیوں اور گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس کے آخری سیشن میں پی ایف یوجے (دستور) کے صدر محمد نواز رضا سمیت ملک بھر سے یوجیز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اس موقع پر منظور کی گئی قرادادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت آزادی اظہار رائے کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ صحافیوں کے خلاف سچ بولنے اور سچ لکھنے کی پاداش میں مقدمات درج کرنے اور انھیں ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اجلاس میں آئی ٹی این ای کے چیئرمین شاہد محمود کھوکھر کے کردار کو سراہا گیا۔