کوئٹہ گیس پریشر میں کمی کیخلاف شہریوں کا احتجاج، قمبرانی اور سریاب روڈ بند

March 25, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس پریشرمیں کمی کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ، قمبرانی روڈ اور سریاب روڈ کے مکینوں کا ناشناس کالونی اور بادینی کراس کے مقامات پر ٹائر جلاکر احتجاج ، شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کرکے دھرنا دیا ، مظاہرین نے کہا کہ گیس پریشر نہ ہونے اور بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کو اور خاص طور پر سحر و افطار کے وقت خواتین کو امور خانہ دارای میں مشکلات پیش آرہی ہیں ، مظاہرین نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کی جانب سے گیس پریشر میں کمی دور کرکے گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آرہی جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، مظاہرین نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے وقت گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایاجائے تاکہ روزہ داروں کو سحری اور افطاری میں مشکلات سے نجات مل سکے ۔درایں اثنا سرکی روڈ ، جان محمد روڈ ، اسٹیورٹ روڈ ، وحدت کالونی ، جناح ٹاؤن ، پشتون آباد ، نواں کلی ، سریاب ، سبزل روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا سلسلہ جمعہ کو بھی بدستور جاری رہا ۔