عبداللّٰہ شفیق مسلسل چار ٹی 20 میں صفر پر آؤٹ، دنیا کے پہلے بیٹر

March 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے عبداللہ شفیق ٹی 20انٹر نیشنل میں لگاتار چار بار صفر پر آؤٹ ہونیوالے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے۔ شارجہ کے پہلے ٹی20میں بغیر کسی اسکور پر آوٹ ہونے کے بعد عبداللہ شفیق اتوار کو دوسرے میچ میں پہلی ہی گیند پر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اس سے قبل عبداللہ دسمبر 2020میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ اور ہیملٹن میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تھے۔ لاہور قلندر ز کی چیمپئن ٹیم کے عبداللہ شفق نےنومبر2020میں پنڈی میں اپنا ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل کیئریئر زمبابوے کیخلاف شروع کیا تھا اور41رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے۔ اس کے بعد وہ چار اننگز میں کھاتہ ہی نہ کھول سکے۔ عبداللہ شفیق کواپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔کم بیک کے بعد افغانستان کیخلاف دونوں اننگز میں بھی عبداللہ شفیق نے صفر حاصل کیا۔ اس سے قبل پاکستان کے محمد حفیظ مسلسل تین اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ حفیظ کے علاوہ دیگر 25 کرکٹرز بھی زیادہ سے زیادہ مسلسل تین بار ہی صفرپر آؤٹ ہوئے ہیں۔ (کھیلوںکی مزید خبریںصفحہ2پر)