ہائیکورٹ، کے ایم سی کو اسکول کی زمین پر غیرقانونی تعمیرات ختم کرنے کا حکم

March 29, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے جرمن اسکول اورنگی ٹاؤن کی زمین پر قبضے پر ڈپٹی کمشنر غربی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کے ایم سی کو اسکول کی زمین پر غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کا حکم دے دیا، جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو درخواست کی سماعت ہوئی، ڈپٹی کمشنر طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوسکے، سرکاری وکیل نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر منسٹر کے ساتھ وزٹ پر گئے ہوئے ہیں جس کے باعث وہ نہیں آسکتے، ڈائریکٹر کچی آبادی نے بتایا کہ ہمارا اس زمین سے کوئی تعلق نہیں ہے، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اسکول کی زمین پر غلط لیز جاری کی گئی ہیں، ایمنیٹی پلاٹ پر کمرشل لیز نہیں دی جاسکتی،کے ایم سی کو انڈس اسپتال نے بھی ایک بڑا اسپتال بنانے کا پروپوزل دیا ہوا ہے جو غریب عوام کےلئے مفت ہوگا، سرکاری وکیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک رپورٹ گزشتہ سال اکتوبر میں پیش کی گئی تھی، عدالت نے کے ایم سی کو اسکول کی زمین پر غیر قانونی تعمیرات ختم اور لیز منسوخ کرنے لئے کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غربی کو ذاتی حیثیت میں رپورٹ سمیت طلب کرلیا۔