مکی آرتھر کیلئے ڈربی شائر اہم، پاکستان سے معاہدہ پر بھی خوش

April 01, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ڈربی شائرکے ساتھ میرا چار سال کا معاہدہ ہے، ابھی ایک سال ہوا ہے، میں پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کےساتھ رابطے میں رہا ہوں، پاکستان ٹیم کو مینج کرنا اہم ہے، میرے تعلقات ان کےساتھ اچھےہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پھرموقع ملنے پر خوشی ہے، پاکستان کے ساتھ ڈربی شائر بھی مجھے بہت عزیز ہے۔ نجم سیٹھی کو کہتا رہا ہوں کہ ڈربی شائرمیرے لیے بہت اہم ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے لیے معاملات طے پا گئے ، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے نیا کوچنگ اسٹاف ذمہ داریاں سنبھالے گا۔ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کوچنگ اسٹاف کو لیڈ کریں گے، وہ اس سے قبل ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔مکی آرتھر کے علاوہ گرانٹ بریڈ برن کو کوچنگ اسٹاف میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی، انہیں ہیڈ کوچ بنایا جا سکتا ہے جب کہ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر مورنی مورکل کو بولنگ اور جنوبی افریقا کے اینڈریو پیوٹک کو بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔