سلام سینی ٹیشن ڈے ‘ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے واک

April 02, 2023

پشاور (جنگ نیوز) ڈبلیو ایس ایس سی ایم نے سلام سینی ٹیشن ڈے کے موقع پر اپنے ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے واک کا انعقاد کیا جس کی قیادت کمپنی کے جنرل منیجر انجینئر محمد خلیل اکبر نے کی۔ شرکاء ٹاؤن ہال سے کالج چوک تک گئے ۔محمد خلیل اکبر،چیف سینٹری انسپکٹر ساجد خان، سینی ٹیشن انسپکٹرز عبد الحکم اور وسیم باچا نے کہاکہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے ورکرز مردان شہر کی صفائی کے لئے تن من دھن کی قربانی دے رہے ہیں،عید کے ایام ہوں یا کوئی اورموقع یہ ورکرز اپنی خوشیوں کو قربان کر کے شہریوں کو کچرے سے پاک ماحول فراہم کرتے ہیں۔سینی ٹیشن ورکرز وہ لوگ ہیں جو ہمارا کچرا اٹھا کر اسے محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگاتے ہیں،کچرا ہم لوگ پیدا کرتے ہیں اور انہیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے یہ ورکرز دن رات کوشاں رہتے ہیں۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی سینیٹیشن ورکرز شہر کی صفائی میں مگن رہتے ہیں اور سحری کے فوراً بعد یہ ورکرز اپنے فرائض کو احسن طریقے سے ادا کرتے ہیں۔مردان شہر کی صفائی میں 564 ورکرز حصہ لے رہے ہیں جبکہ شہر کی چودہ یونین کونسلوں سے روزانہ کی بنیاد پر180ٹن کچرا ٹھایا جاتا ہے،اسی طرح شہر کے446کلو میٹر نالیوں کی مرحلہ وار صفائی کی جاتی ہے۔کورونا وائرس کے دوران سب لوگ اپنے پیاروں سے دور بھاگ رہے تھے لیکن سینی ٹیشن ورکرز اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کو پاک صاف ماحول فراہم کرتے رہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ سینی ٹیشن ورکرز کے ساتھ عزت سے پیش آئیں اور ان کا حوصلہ بڑھائیں تاکہ یہ لوگ مزید دلجوئی کے ساتھ کام کر سکیں۔