صاحبِ استطاعت اولاد خود فرض حج کرے یا والدین کو بھیجے؟

May 19, 2023

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: اگر اولاد کے پاس پیسہ ہے اور اولاد صاحبِ استطاعت ہے تو پہلے اولاد خود حج کرے گی یا اپنے والدین کو حج کے لیے روانہ کرے گی؟ یہ فرض حج کے حوالے سے سوال ہے۔

جواب: واضح رہے کہ جو صاحبِ استطاعت ہو، یعنی سفرِ حج کی آمد و رفت کے اخراجات اور دورانِ سفر اپنے اور اہل وعیال کے نفقے کا انتظام ہو، اس پر حج کرنا فرض ہے اور حج کی فرضیت میں اولاد یا والدین ایک دوسرے کے تابع نہیں ہیں، یعنی اولاد صاحبِ استطاعت ہو اور والدین نہ ہوں تو والدین پر حج فرض نہیں ہوگا، اسی طرح اگر والدین صاحبِ استطاعت ہوں اور اولاد نہ ہو تو اولاد پر حج فرض نہیں ہوگا۔

لہٰذا صورتِ مسئولہ میں جو اولاد صاحبِ استطاعت ہے، اس کے ذمہ خود حج کرنا فرض ہے، پہلے وہ خود حج کرے۔ اگر والدین بھی صاحبِ استطاعت ہیں تو وہ بھی فرض حج کرلیں۔ اگر والدین صاحبِ استطاعت نہیں ہیں، لیکن اولاد کی اتنی استطاعت ہے کہ خود حج پر جانے کے ساتھ والدین کو بھی حج کراسکے تو انہیں بھی ساتھ لے جائے، اور ایک وقت میں دونوں نہیں جاسکتے تو ایسی صورت میں والدین کو آئندہ سال بھیجنے کی نیت کرلیں، کیوں کہ ان پر ابھی حج فرض نہیں ہے۔