پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر ریلیوں کا انعقاد

May 28, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر) پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں، حلقہ پی پی 214 سے آزاد امیدوار حاجی محمد شریف راجپوت کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے چونگی نمبر 1سے ملتان پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں سیاسی و سماجی رہنمائوں نے شرکت کی، اس موقع پر شرکا نے نو مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی، دوسری جانب پاک عرب کھا د فرٹیلائزرسی بی اے یونین رجسٹرڈکے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صدر یونین ملک غلام دستگیر متیلا نے کی ، ریلی میں ڈائریکٹر لیبر رانا جمشید سمیت ورکروں نے شرکت کی ، اس موقع پر شرکانے پاک فوج کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، ملتان سوشل ترقیاتی گروپ کے زیراہتمام یوم تکریم شہداکے سلسلے میں ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت تحریک بحالی امن پاکستان کےچیئرمین و خاندان گیلانیہ کے سربراہ مخدوم سیدغلام یزدانی گیلانی سمیت دیگر نے کی، اس موقع پر مقررین نے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، قوم کو فوج کے خلاف اکسانے والے شرپسندوں کیساتھ سختی سے نمٹاجائے ۔