• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم اے کا ایف بی آر پالیسیز کیخلاف احتجاجاً نجی طبی مراکز میں سروسز کے بائیکاٹ کا اعلان

ملتان(سٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی مرکزی و صوبائی قیادت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی پالیسیوں کے خلاف 30 ستمبر کو ملک بھر میں نجی طبی مراکز، کلینکس اور ہسپتالوں میں سروسز کے بائیکاٹ اور احتجاج کا اعلان کردیا ہے ،یہ اعلان پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ، اجلاس کی صدارت پی ایم اے کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے کی ، اجلاس میں پرائیویٹ ہاسپٹلز اور پرائیویٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی اس موقع پر بتایا گیا کہ پی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام ضلعی برانچز کو ہدایت کی گئی ہے کہ 30 ستمبر کو اپنے اپنے علاقوں میں طبی مراکز کی بندش اور احتجاج کو یقینی بنانے کے لیے مقامی طبی تنظیموں، پروفیشنل ایسوسی ایشنز اور میڈیکل سوسائٹیز سے رابطہ کرکے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں طبی برادری ایف بی آر کی پالیسیوں کے خلاف متحد ہے اور 30 ستمبر کو احتجاج کے سلسلے میں مختلف اضلاع میں پریس کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی۔اس حوالے سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج نے کہا کہ بدھ کے روز پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ملتان میں بھی ایف بی آر کی پالیسیوں کے خلاف نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں بھرپور ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں پی ایم اے ملتان کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا ہے جس میں دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی،انہوں نے کہا کہ پیر کے روز پی ایم اے جنوبی پنجاب کے عہدیداران سے بھی ملاقات کی جائے گی، جس میں 30 ستمبر کی ہڑتال اور احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے مزید مشاورت کی جائے گی۔پی ایم اے نے متفقہ فیصلہ کیا کہ 30 ستمبر بروز بدھ کو ضلع ملتان کے تمام پرائیویٹ ہسپتال اور کلینکس میں ایف بی آر کی پالیسیوں کیخلاف ڈاکٹرز احتجاجن سروسز کا مکمل بائیکاٹ کرینگے ، ملک بھر کی طبی برادری کو احتجاج میں متحد کیا جا رہا ہے تاکہ ایف بی آر کی پالیسیوں کے خلاف اپنا مؤقف مؤثر انداز میں حکام اور عوام تک پہنچایا جاسکے۔
ملتان سے مزید