ایم سی آئی سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ صفائی ٹھیکے میں کرپشن پر مقدمہ درج

June 01, 2023

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کے سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ میں صفائی کے ٹھیکے میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام کی تحقیقات کرتے ہوئے ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ کے سات افسران نے ملی بھگت سے کنٹریکٹر انس برادرز کو مشینری اور رجسٹریشن نہ ہونے کے باوجود ٹھیکہ ایوارڈ کیا جبکہ سب کمیٹی کی رپورٹس کو ریکارڈ سے غائب کر دیا گیا تاہم متعلقہ سب کمٹیوں کے ممبران نے اپنی رپورٹس تحقیقات کے دوران ایف آئی اے کو بطور ثبوت پیش کر دیں۔ ایف آئی آر کے مطابق ڈی جی سی خلیل احمد سومرو‘ ڈائریکٹر لاء عمر صغیر‘ ڈائریکٹر سینی ٹیشن سردار خان زمری‘ آڈٹ آفیسر چوہدری بشیر احمد‘ پی ڈی قاضی عمر‘ ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن قاضی صلاح الدین‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر شبیر حسین نے غیر قانونی اور ملی بھگت سے ٹھیکہ ایوارڈ کیا۔ مقدمہ میں ٹھیکیدار وسیم شہزاد اور عثمان صفدر کو بھی بطور ملزم بتایا گیاہے۔