موبائل فون کمپنی سے کی جانیوالی تمام ٹرانزیکشن پر 5 روپے فیس عائد

June 02, 2023

اسلام آباد (زبیر قصوری) ملک میں موبائل فون سروسز فراہم کرنے والی سب سے بڑی موبائل فون کمپنی نے فنانشل ایپلی کیشن جیز کیش سے کی جانے والی تمام ٹرانزیکشن کرنے پر پانچ روپے ٹرانزکشن فیس عائد کردی، یہ نئی فیس جون 2003 سے نافذ العمل ہوگئی ہے۔ کمپنی کے ذمہ دار ذرائع اور جنگ کے پاس دستیاب ریکارڈ کے مطابق جیز کیش سے ہونے والی ٹرانزکشن سے ریٹیلر اور صارف کو پانچ روپے اضافی ٹرانزکشن ادا کرنے ہوں گے جبکہ اس سے پہلے کسی قسم کے کوئی چارجز نہ تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس فیصلے سے ایک کروڑ سے زائد صارفین کو فی ٹرانزکشن پانچ روپے اضافی ادا کرنے ہوں گے، جنگ کے رابطہ کرنے پر کمپنی کے ترجمان خیام صدیقی نے بتایا اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) نے مورخہ12مئی2023کے سرکلر کے ذریعے، M-Walets میں کیش ڈپازٹ پر لین دین کی رقم کا 0.5%، یا PKR 100، جو بھی کم ہو، چارج کرنے کا بندوبست کیا۔ صارفین کو اس حوالے سے پیشگی اطلاع JazzCash ویب سائٹ کے ذریعے یقینی بنائی گئی تھی اور خوردہ فروشوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی آگاہ کیا گیا تھا۔