تشدد سے متاثرہ خواتین کو سہولیات کے لئے کوشاں ہے، وردہ لطیف

June 10, 2023

پشاور (نامہ نگار) ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود وردہ لطیف نے کہا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا صنفی بنیاد پر تشدد سے متاثرہ خواتین کیلے سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کر رہی ہے تاکہ وہ ہنر سیکھ سکیں جس سے انہیں مزید خود انحصار بننے میں مدد ملے گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں آواز دو پروگرام کے زیر اہتمام ʼʼصنفی بنیاد پر تشدد سے متاثرہ خواتین کے تحفظ کے موضوع پر مشاورتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مشاورتی تقریب میں پشاور، نوشہرہ، بونیر، لوئر دیر، ایبٹ آباد، مردان، مالاکنڈ اور کوہاٹ کے اضلاع سمیت صوبے بھر سے خواتین، معذور افراد، خواجہ سر اور اقلیتی رہنما شریک ہوئے ڈپٹی سکریٹری وردہ لطیف کہا کہ 125 تربیتی مراکز کو صنفی بنیاد پر تشدد سے متاثرہ افراد کے لیے جدید مہارتیں فراہم کرنے کے لیے اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جو انھیں براہ راست مارکیٹ سے منسلک کرتے ہیں، جو کہ معاشرے میں تشدد سے متاثرہ خواتین کو دوبارہ مربوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انھوں نے دارالامان کو وسعت دینے اور اسے بہتر بنانے اور بولو ہیلپ لائن کی رسائی کو بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔مشاورت کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمر اصغر خان فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ راشدہ دوہد نے بتایا کہ یہ مشاورتی تقریب ضلعی سطح پر موجود خدمات تک رسائی کے حوالے سے تجربت سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ ʼʼخواتین کو بااختیار بنانے کی جدوجہد اور گھریلو تشدد سے نمٹنے کے لیے قوانین کا نفاذ طویل المیعادر انتہائی ضروری ہے۔ مشاورتی تقریب میں شرکاء نے تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین اور ٹرانس جینڈر افراد کو فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے اندراج میں خصوصی ڈیسک قائم کرکے یا پولیس اسٹیشنوں میں تربیت یافتہ افراد کو صنفی بنیاد پر تشدد کے معاملات کو حساس اور مؤثر طریقے سے سنبھالنے کے لیے تفویض کرنے میں سہول کی فراہمی، معذور خواتین کے لیے دارالامان (پناہ گاہوں) کی رسائی کو بہتر بنانا اور معذور خواتین کے ساتھ کام کرنے والے عملے کو تربیت کی فراہمی کے علاؤہ خواجہ سراؤں کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیے گئے مخصوص محفوظ گھر قائم کرنے کے حوالے سے سفارشات بھی مرتب کی گئیں۔