عوام مشرق‘ سیاست مغرب‘ معیشت شمال‘ آئین جنوب کی طرف‘ شیخ رشید

June 10, 2023

لاہور( این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوام مشرق کی طرف سیاست مغرب کی طرف معیشت شمال کی طرف آئین وقانون جنوب کی طرف ہے،20جون تک پتا لگ جائے گا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا‘اصلی اورحقیقی منصوبہ ساز بھی فیصلہ نہیں کرپائے کہ سیاسی استحکام کیسے آئے گا‘پہلے صرف غریب رورہاتھااب مڈل کلاس اوراپر کلاس بھی رو رہی ہے۔(ن) لیگ کے پاس سواری ہے نہ اسٹیرنگ پر ڈرائیور ہے ،صرف خواہشیں خواب اورخبریں ہیں ،پاکستان میں اس سے خراب اقتصادی سروے پہلے کبھی نہیں آیا،حکومت تمام معاشی اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے‘آئی ایم ایف کی ساری شرطیں قبول پھربھی حکومت آئی ایم ایف کو منانے میں ناکام رہی۔جمعہ کو جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ وزیرخزانہ کوسمجھ نہیں آرہاکہ خزانے کے ساتھ کیاہو رہاہے ،ڈالرکے ساتھ کون سازش کررہاہے ، ان کے پاس اپنے کیسز ختم کرانے اور لوگوں کی زندگی جہنم میں ڈالنے کے سوا کوئی پلان نہیں‘(ن)لیگ کوباغ الیکشن میں ٹریلر سے سمجھ آجانی چاہیے ابھی فلم آناباقی ہے، پی ڈی ایم میں پھوٹ ،(ن) لیگ اورپیپلزپارٹی جلد آمنے سامنے ہوں گے۔