مخیرافراد کے تعاون سے پرانا شجاع آباد روڈ پر 650 پودے لگائے جائینگے

December 02, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر )کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ تمام نجی ہاوسنگ سوسائٹیز، سرکاری و نجی ادارے، پیٹرول پمپ وغیرہ اپنے اپنے علاقے ، سڑک پر شجرکاری کریں۔پرانا شجاع آباد روڈ پر مخیر حضرات کے تعاون سے شجرکاری کی جارہی اور 650 تیار پودے لگائے جارہے ہیں۔ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ نواب پور روڈ کی تکمیل کیلئے الیکشن کمیشن سے اجازت مل چکی ہے اس لئے اس کی تعمیر بارے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے۔تمام ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل کیا جائے۔ الیکشن کے انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات و ریسورس تیار رکھا جائے۔ میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں قلعہ کہنہ قاسم پر موجود محکموں کے دفاتر فوری منتقل کئے جائیں۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز نے بتایا کہ ڈویزن میں گزشتہ24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔136 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ایک دن میں 10204 چھاپے مارے،269خلقف ورسیوں پر 553000 روپے جرمانہ، 2 ایف آی آر درج، 18 گرانفروش گرفتار کئے گئے۔کمشنر نے جعلی زرعی ادویات، کھادوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی ٹاسک فورسز کے ذریعے سمپلنگ اور مقدمات درج کروانے کی ہدایت جاری کردی۔