پاکستانی امریکی کاروباری افراد نے کامیابیوں کی نئی بلندیوں کو چھوا، سردار مسعود

December 04, 2023

اسلام آباد(حنیف خالد)امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی امریکی کاروباری افراد اور مختلف پیشوں سے وابستہ شخصیات نے امریکہ میں کامیابیوں کی نئی بلندیوں کو چھویاہے اور ان کی ساکھ پورے امریکہ، براعظموں اور پاکستان تک جا چکی ہے۔ معروف کاروباری شخصیات اور ماہرین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ مختلف کرداروں میں پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی میں بالواسطہ اور بلا و اسطہ کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آپ پاکستان کی معاشی ترقی میں براہ راست کردار ادا کر رہے ہیں۔سفیر نے یہ بات ڈی ایم وی ایریا (واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا اور میری لینڈ) کے پاکستانی نژاد امریکیوں کے ایک متنوع گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ٹیک، فنانس، بینکنگ، سروسز اور سیکٹرز سمیت مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز آف نارتھ امریکہ (اوپن)، سٹیزن فاؤنڈیشن (ٹی سی ایف)، سرہندی کمپنیز، ٹی آر جی گروپ، نووا کلاؤڈ، فیس بک اور دیگر کمپنیوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ کامیابی آپ سب میں ایک مشترکہ عنصر ہے جو ہمارے لئے یہاں امریکہ میں اور پاکستان میں باعثِ فخر ہے۔