اسرائیل دنیا کو نئی جنگ عظیم کی جانب دھکیل رہا ہے، ضیاء عباس

April 17, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ اسرائیل کی ہٹ دھرمی دنیا کو نئی جنگ عظیم کی جانب دھکیل رہی ہے، عالمی قوتوں نے دانشمندی سے کام نہیں لیا تو اس آگ میں وہ خود بھی متاثر ہوں گے، دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے اور اس میں ہونے والی شہادتوں کے بعد عالمی برادری کو اسرائیل کی مذمت کرنا چاہئے تھی، ایران نے اس کے جواب میں میزائل حملہ کر کے اپنی قوت کا مظاہرہ کیا ہے،اس حملے کے بعد جس طرح چین، روس اور دیگر ملکوں نے ایران کی حمایت کی اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ دنیا کے اہم ترین ممالک اس وقت تقسیم کی جانب بڑھ رہے ہیں، مشرق وسطیٰ میں اگر فریقین نے کشیدگی فوری کم نہ کی تو ایک وسیع علاقائی تنازع جنم لے سکتا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی اقوام متحدہ سمیت تمام ملکوں کو نہ صرف مذمت کرنا چاہئے بلکہ بے گناہ فلسطینوں کی شہادت کو روکنے کے لئے عملی قدم اٹھانا ہوگا، فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی روک تھام اس وقت اہم ترین عالمی مسئلہ ہے۔