لیاری گینگ وار کمانڈر نثار احمد عرف ملا نثار عدم ثبوت پر بری

April 21, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم ثبوت پر لیاری گینگ وار کمانڈر ملزم نثار احمد عرف ملا نثار کو پولیس مقابلہ،اقدام قتل اور دھماکہ خیز مواد برآمدگی کے مقدمہ سے بری کردیا۔ پولیس کو گینگ وارعذیر بلوچ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف شواہد پیش کرنا مشکل بن گیا۔پراسیکیوشن لیاری گینگ وارکے کمانڈر ملا نثارکے خلاف جرم ثابت کرنے میں ایک بار پھر ناکام رہی۔عدالت نے عدم ثبوت و شواہد پر ملزم نثار احمد عرف ملا نثار کو بری کردیا۔پراسیکوشن کے مطابق،24 جنوری 2014 کو رینجرز اور پولیس نے بکرا پیڑی چوک کے قریب لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرکارروائی کی ، رینجرز اور پولیس کو دیکھ کر ملا نثار اور اس کے کارندوں نے جدید اسلحہ سے فائرنگ شروع کردی تھی، رینجرز اور پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم اسلم ہلاک بھی ہوا تھا، مقدمہ میں ملزم کے ساتھی نعیم رضوی ، فاروق مایا ، عادل عرف بادل اور یونس مفرور ہیں ، ملزمان کے خلاف تھانہ کلاکوٹ میں مقدمہ درج ہے۔