ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی، چیئرمین پی سی بی کی رات گئے تک مشاورت

June 16, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستانی کرکٹرز امریکا سے پاکستانی واپسی کے لئے پیر کو اڑان بھریں گے۔جمعے کی شب رات گئے چیئرمین اپنے افسران کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور اعلی عہدیدار رات گئے دفاتر میں موجود رہے جہاں ٹیم کی بدترین کارکردگی اور سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں اچھی پرفارمنس نہ دینےوالے قومی کرکٹرز کےسینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی ہوگی اور کئی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔قومی کرکٹرز کو گزشتہ برس یکم جولائی سے3برس کا کنٹریکٹ دیا گیا تھا تاہم اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ کا از سر نو جائزہ لیا جا رہاہے۔گذشتہ سال سینئر کھلاڑیوں سےکئی ماہ کے مذاکرات کے بعد کھلاڑیوں کے معاوضوں میں کئی گنا اضافہ کیا تھا لیکن اب سینٹرل کنٹریکٹ پر نظر ثانی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سابق ڈائریکٹر اور سابق کپتان محمد حفیظ پاکستان ٹیم کی کارکردگی سے ناراض ہیں ا نہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ پاکستان کرکٹ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا ہے۔علاوہ ازیں محمد حفیظ نے اپنے ایک اور پیغام میں اعلیٰ عہدے داروں پر بھی تنقید کی ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے محمد حفیظ نے بظاہر ایک اشارے والی ٹوئٹ کی ہے جس کے بارے میں لوگ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ قربانی کے جانور حاضر ہوں۔حفیظ نے اپنے پیغام میں یہ نہیں بتایا کہ ان کا اشارہ کھلاڑیوں یا مینجمنٹ یا پھر کس کی طرف ہے۔