کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں مطلوب ملزم کی لیہ میں گرفتاری کے بعد اسے پکڑنے والی ٹیم پر ملزمان نے دھاوا بول کر ملزم کو پولیس کی تحویل سے نکال کر اپنے ہمراہ لے گئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی پولیس پارٹی پر لیہ میں حملہ ہوگیا اور ملزمان گرفتار ملزم چھڑا کر لے گئے،پولیس کے مطابق ملزم محمد رمضان کے خلاف کراچی کے ضلع ایسٹ کے تھانے سائٹ سپر ہائی وے میں چیک باؤنس ہونے کا مقدمہ درج تھا۔ملزم گزشتہ دو سال سے اپنے آبائی شہر لیہ میں روپوش تھا۔ لیہ کے اعظم چوک تھانہ کی پولیس نے ملزم کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا تھا۔ ملزم کی کراچی منتقلی کیلئے محکمہ داخلہ کی اجازت سے 4 رکنی پولیس پارٹی لیہ پہنچی تھی ، کراچی پولیس کی ٹیم ملزم رمضان کو راہداری ریمانڈ کیلئے عدالت لے جا رہی تھی، پولیس کے مطابق تھانے سے نکلتے ہی کئی گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے کراچی کی پولیس پارٹی کو گھیر لیا اور پولیس اہلکاروں کو زدوکوب کر کے حملہ آور ملزم محمد رمضان کو چھڑا کر لے گئے ۔ کراچی پولیس پارٹی کی جانب سے لیہ پولیس سے ناراضگی کا اظہار کیا گیا کیونکہ انکی جانب سے کراچی کی پولیس پارٹی کو نفری ہی نہیں دی گئی ، پولیس زرائع کے مطابق کراچی پولیس کی ٹیم ملزم کے فرار ہونے کا مقدمہ لیہ میں درج کروائے گی۔