• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی و اسلام آباد کے زیراہتمام تکریم شہداء کانفرنس

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی و اسلام آباد کے زیر اہتمام شہدائے جہاں بالخصوص شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تکریم شہدائے کانفرنس کا انعقاد امام بارگاہ جامعۃ الصادق میں ہوا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہید قاسم سلمانی، شہید مہندس مہدی، انکے رفقاء و دیگر شہدائے ملک و ملت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہر سال عشرہ تکریم شہداء منانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی جنگ عظیم کے بعد عالمی استکباری قوتوں نے نیا مشرق وسطیٰ بنانے کا منصوبہ بنایا جس کا مقصد مسلم ممالک کو چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم کرنا تھا۔ سوویت یونین کی تقسیم کے بعد امریکہ سپر پاور کے طور پر نمودار ہوا۔ نیو ورلڈ آرڈر کی تکمیل کیلئے امریکہ نے اس خطے میں جنگیں شروع کیں۔ ہماری خوش بختی تھی کہ ایران میں ایک ایسی الٰہی طاقت نے انقلاب برپا کیا جو عالمی استعماری قوتوں سے ٹکرانا جانتی تھی۔ عالمی استکبار کیخلاف ڈٹنے کا حوصلہ صرف اس قیادت کو حاصل ہوتا ہے جس کے دل میں خدا کے سوا کسی کا خوف نہ ہو۔ انقلاب ایران کے قائد امام خمینی وہ شخصیت تھے جنہوں نے مظلومین کو قوت عطا کی۔ انکی تربیت میں رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای اور شہید قاسم سلمانی جیس شخصیات نے پرورش پائی۔ غلیل اور پتھروں سے دشمن کا مقابلہ کرنے والے فلسطینوں کو شہید قاسم سلمانی نے ڈرون و میزائیلوں کی جدید ٹیکنالوجی سکھائی۔ انہوں نے واضح کہا تھا کہ اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا کہ شہید قاسم سلمانی کے نام سے دشمنان اسلام سخت خوفزدہ ہیں۔ مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی نے کہا کہ شہید قاسم سلمانی مظلوموں کی آس تھے۔ انہوں نے مظلومین کو ظالموں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا ہنر سکھایا۔ مرکزی رہنما نثار فیضی نے کہا کہ شہید جن عظیم مقاصد کی تکمیل میں اپنی زندگی گزارتا ہے اسکی شہادت سے ان مقاصد کو مزید نکھار ملتا ہے۔ علامہ احمد اقبال بہشتی نے کہا کہ شہداء کو یاد رکھنے والی قومیں ہی زندہ رہتی ہیں۔ علامہ سید محمد علی نقوی نے کہا کہ شہداء کا اللہ کے ہاں عظیم مقام ہے۔ وہ زندہ ہیں اور خدا کے ہاں رزق بھی پاتے ہیں۔ شہادت کا رتبہ مقدر والوں کے حصے میں آتا ہے۔ شہید مکمل ادارک اور احساس کے ساتھ بلند اہداف کے حصول کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتا ہے۔ دین کیلئے جان قربان کرنے سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں۔ علامہ سید یاسر سبزواری نے کہا کہ شہداء کو یاد کرنے سے جذبہ شہادت کو تقویت ملتی ہے۔ علامہ شریف نفیس نے کہا کہ ہماری زندگی کا مقصد عہد شہادت کو پورا کرنا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی نے کہا کہ قاسم سلمانی شہید کی جدائی وہ زخم ہے جو کبھی مندمل نہیں ہو سکتا۔ شاعر اہلبیت پروفیسر تنویر حیدر‘ اعزاز حیدر نقوی، زوار حسین بسمل نے تقریب میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
اسلام آباد سے مزید