لاہور(خبر نگار) عالمی ادارہ تقریب مذاہب ِ اسلامی ایران کے نمائندہ وفد نے داتا دربار حاضری دی اور مزار شریف پر چادر کا نذرانہ پیش کیا۔اس موقع پر ہجویری ہال داتاؒ دربار میں علماء، سکالرز اور مذہبی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حمید شہر یاری سیکرٹری جنرل عالمی ادارہ نے کہا کہ اُمّتِ مسلمہ کا عروج باہمی اتحاد میں مضمرہے،اسلامی دنیا کوعلمی و تحقیقی روّیوں کی ترویج پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے اسوہ حسنہ ؐ کےابلاغ پر عمل پیرا ہوناہوگا۔ دین ِ اسلام تکریمِ آدمیت اور شرفِ انسانیت کا امین اور علمبردار ہے، مسلم قائدین کو اس کی ترویج کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔ وفد میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر جعفر روناس، مولانا نذیر احمدسلامی، مولانا محسن میثی، مرتضیٰ بیات، اسمعیل نوری شامل تھے۔ اس موقع پر پرنسپل جامعہ ہجویریہ داتاؒ دربار صاحبزادہ بدر الزمان قادری، منیجر داتاؒ دربار شیخ محمدجمیل سمیت دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفد کو کشف المحجوب سمیت دیگر اوقاف مطبوعات پیش کی گئیں۔